1971 میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنا تھا، بنگلادیشی اسپیکر

1971 میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنا تھا، بنگلادیشی اسپیکر

اسلام آباد: بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے 1971 کے واقعات میں بھارت کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد کرنا نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔

 ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران بنگلادیش بھارت کی کالونی بن کر رہ گیا تھا، جس کے باعث بنگلادیشی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ بنگلادیشی عوام جمہوری سوچ رکھتے ہیں اور آمریت کو کسی صورت قبول نہیں کرتے۔ 1971 میں بھی عوام کی جانب سے جمہوریت کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم ان کے بقول اس مطالبے کو تسلیم نہیں کیا گیا۔بنگلادیشی اسپیکر نے سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بنگلادیش واپس آئیں تو انہیں جیل جانا پڑے گا۔ حسینہ واجد نے ایک ایسے ملک میں پناہ لے رکھی ہے جسے وہ مسلم دشمن قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت حسینہ واجد کو بنگلادیش کے حوالے نہیں کرتا تو ان کا ملک عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے گا۔

حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد کی جانب سے بنگلادیش واپسی کے اعلانات دراصل اپنے کارکنوں کو متحرک رکھنے کی کوشش ہیں، تاہم ان کے خیال میں آئندہ دس برس تک ان کی بنگلادیش واپسی کا امکان نہیں۔انہوں نے عوامی لیگ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے دہشت گرد جماعت سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی لیگ پر پابندی عائد کرنے کے معاملے پر غور کر رہی ہے۔بنگلادیشی اسپیکر نے دونوں ممالک کے سیاسی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش میں پارلیمانی نظام یکساں ہے، تاہم 1975 میں بنگلادیش میں یک جماعتی نظام نافذ کیا گیا، جس کے بعد ملک میں حقیقی جمہوریت کا تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔ انہوں نے رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات کو شفاف قرار دیا۔

کشمیر کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون مزید مضبوط ہوگا۔بنگلادیشی اسپیکر نے بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلادیشی امیدوار کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔