اسلام آباد (یواین پی ) خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خضر اللّٰہ جان نے کہا ہے کہ ملک میں باکسنگ کے نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی کاوشیں اور کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو وسائل، سہولیات اور مزید بین الاقوامی سطح پر تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ کی سربراہی میں فیڈریشن باکسنگ کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق چیمپئن خضر اللّٰہ جان کہا کہ کھیلوں کی ترقی کے لئے گراس روٹ سطح پر اکیڈمیز کا قیام بہت ضروری ہے اور تعلیمی اداروں میں بھی باکسنگ کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیف گیمز کی تیاری کے لئے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا انعقاد جلد از جلد ہونا چاہئے تاکہ کھلاڑی کیمپ میں بھرپور تیاری کر سکیں۔