میاں بیوی نے بچی کے اغوا کا ڈرامہ رچا دیا، والد نے15 پر اغوا کی کال کی
پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران نومولود کو کھیتوں سے زخمی حالت میں برآمد کرلیا
لاہور(آئی این پی )دنیاپور کے علاقے مانجھا کوٹلہ میں افسوسناک واقعہ میں ماں نے اپنی ہی 15 روزہ نومولود بیٹی کو شاپرمیں ڈال کر کھیتوں میں پھینک دیا اوربچی کے اغوا کا ڈرامہ رچا دیا۔ والد نے ون فائیو پر بچی کے اغوا کی کال کی، پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران نومولود کو کھیتوں سے زخمی حالت میں برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق بچی کی کھیتوں سے برآمدگی کے بعد واقعے پر شبہ ہوا، جس پر والدین کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کی گئی۔ دورانِ تفتیش والدہ صابراں بشیر نے اعتراف کیا کہ بیٹی کی پیدائش پر وہ خوش نہیں تھی، اس لیے اس نے بچی کو شاپر میں ڈال کر قریبی کھیتوں میں پھینک دیا اور شوہر کے ساتھ مل کر اغوا کا فرضی ڈرامہ رچایا۔پولیس نے ملزم آصف مجید اور اس کی اہلیہ صابراں بشیر کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ کھیتوں سے ملنے والی نومولود بچی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔