لاہور، دو بہنوں سمیت3 افراد کے قاتل نے خودکشی کر لی

 جاوید اوکاڑہ میں روپوش تھا، زہریلی گولیاں کھانے کے بعد تھانے پہنچ گیا
پولیس کو بتایا کہ میں نے 3 افراد کو قتل کیا،لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل
 ملزم نے ایک سال قبل بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، انکار پر وہ ناراض تھا:مدعی مقدمہ ظہور احمد 
لاہور(آئی این پی )لاہور کے علاقے گارڈن ٹائو ن میں دو بہنوں سمیت 3 افراد کو قتل کرنے والے ملزم نے اوکاڑہ میں زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ پولیس حکام کے مطابق   ملزم جاوید واردات کے بعد فرار ہوکر اوکاڑہ کے علاقے گوگیرہ میں روپوش ہوگیا تھا۔ لاہور پولیس اس کی گرفتاری کے لئے  گوگیرہ پہنچی، تاہم ملزم ہاتھ نہ آسکا۔ بعدازاں ملزم عبدالستار کالونی گوگیرہ سے زہریلی گولیاں کھانے کے بعد خود تھانے پہنچ گیا اور پولیس کو بتایا کہ اس نے لاہور میں فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی۔ پولیس کے مطابق ملزم جاوید تین روز قبل اپنے بھائی سرور کے ہمراہ لاہور میں اپنے چچا ظہور احمد کے گھر گیا تھا۔اس دوران اس نے چچا سے ادھار رقم کا مطالبہ کیا، جس پر ظہور احمد دونوں بھتیجوں کو اپنے گھر گارڈن ٹان لے آئے۔ وہاں اچانک جاوید نے اپنے کزنز لائبہ، آسیہ اور عرفان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ ظہور احمد کا کہنا ہے کہ ملزم نے ایک سال قبل ان کی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، انکار پر وہ ناراض تھا۔ پولیس واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے۔