جب تک رولز نہیں بنتے لائیو سٹریمنگ نہیں ہوسکتی:چیف جسٹس سرفراز ڈوگر

میں خود مختار ہوں کسی کے ماتحت نہیں، ہائیکورٹ کے اپنے رولز ہیں:  سلمان صفدر کی درخواست پر ریمارکس
اسلام آباد(آئی این پی )190ملین پائونڈ کیس میں بانی  پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ  بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا جب تک رولز نہیں بنتے لائیو سٹریمنگ نہیں ہوسکتی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190ملین پائونڈ کیس میں بانی اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی۔دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ میں ایک درخواست لے کر آیا ہوں جس سے عدالتی وقار میں اضافہ ہوگا، ہم عدالتی کارروائی کی لائیو سٹریمنگ چاہتے ہیں،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہاکہ میں اس درخواست پر دلائل نہیں سنوں گا، لائیو سٹریمنگ کی درخواست متعلقہ کمیٹی کے سامنے زیرالتوا ہے،جب تک رولز نہیں بنتے لائیو سٹریمنگ نہیں ہوسکتی۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ سپریم کورٹ براہ راست کارروائی دکھاتی رہی ہے،چیف جسٹس نے کہا میں خود مختار ہوں کسی کے ماتحت نہیں، ہائیکورٹ کے اپنے رولز ہیں۔