ماسکو میں بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس‘ اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط؛ توانائی، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت ‘ ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون پر اتفاق
اقتصادی تعاون کا پروگرام پاکستان میں روسی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا:اویس لغاری‘ مالیاتی لین دین کی رکاوٹیں دور کرنے کے حوالے سے پیش رفت ہوئی :ہارون اختر
ماسکو(آن لائن) پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے 2026 سے 2030 تک کے پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کردیے ہیں، جبکہ پاکستان اور یوریشین اقتصادی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کی مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی بھی مکمل کرلی گئی ہے اور تیل و گیس کی تلاش، مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی اور گیس کی تقسیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، مویشیوں کی افزائش نسل، جانوروں کی ویکسین، ماہی گیری، آبی حیات کی افزائش اور زرعی مصنوعات میں تعاون پربھی اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ 2026 سے 2030 تک کے اقتصادی تعاون کا پروگرام پاکستان میں روسی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا۔وزیراعظم کے مشیر ہارون اخترخان نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان مالیاتی لین دین کی رکاوٹیں دور کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔