پشاور:ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ آوروں کی موٹرسائیکل مل گئی

تینوں دہشتگرد ایک موٹرسائیکل پر آئے،کلاشنکوف اور 8سے زائد دستی بم تھے
ابھی تک کی تفتیش سے لگ رہا ہے تینوں دہشتگرد افغان شہری:آئی جی پختونخوا
پشاور(خصوصی رپورٹ)فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی )ہیڈکوارٹرز پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی موٹر سائیکل مل گئی، محکمہ انسداد دہشت گردی کی فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے کی تحقیقات جاری ہیں ،جس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ، بتایا گیا کہ دہشت گرد کوہاٹ روڈ اور سول کوارٹر سے ہوتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچے،حملہ آوروں نے ایف سی ہیڈکوارٹر سے کچھ فاصلے پر موٹر سائیکل کھڑی کی،دہشت گردوں کے پاس کلاشنکوف اور آٹھ سے زائد دستی بم موجود تھے،دہشت گردی میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی ، ہلاک دہشتگردوں کے جسمانی اعضا حاصل کر کے ڈی این اے ٹیسٹنگ کے لئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے۔دریں اثنا آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاتینوں دہشتگردوں کی آمد کی سی سی ٹی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے، دہشت گردوں کی شناخت کے لئے نادرا نے کام شروع کر دیا ہے ، اب تک تفتیش میں دہشت گردوں کے پاکستانی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ،ابھی تک کی تفتیش سے لگ رہا ہیکہ تینوں دہشتگرد افغان شہری ہیں۔دہشت گردوں نے جہاں رات گزاری اس کی شناخت کر لی گئی ہے ، ابھی تک سہولت کاروں کی کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ،تحویل میں لی گئی موٹر سائیکل سے فنگر پرنٹس حاصل کر لئے گئے ہیں۔