پنجاب اسمبلی کے باہر مشکوک برقع پوش گرفتار

 برقع پوش مشکوک حرکات کرتے ہوئے کیمروں کی زد میں آیا، بیگ سے پلاسٹک کے دو پستول برآمد ،نامعلوم مقام پر منتقل 
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب اسمبلی کے باہر سے برقع پوش مشکوک شخص کو سیف سٹیز اتھارٹی کی نشاندہی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشکوک شخص مشکوک حرکات کرتے ہوئے کیمروں کی زد میں آیا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کے بیگ سے پلاسٹک کے دو پستول برآمد ہوئے، جنہیں تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ مشکوک شخص کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے مقاصد اور ممکنہ روابط کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق سیف سٹیز اتھارٹی کی بروقت نشاندہی نے ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ہونے سے بچا لیا۔