سکولوں میں ڈنڈا رکھنے پر کارروائی کی تیاری

تعلیمی سال دوہزار چوبیس،پچیس میں اساتذہ کیجانب سے بچوں پر تشدد کے 70 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے تھے
رواں تعلیمی سال میں بچوں پر تشدد کے 81 سے زائد کیس رپورٹ کیے جاچکے ،اب سزا ہوگی ، قانون سازی مکمل 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب بھر کے سکولوں میں بچوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں میں ڈنڈا رکھنے پر سخت پابندی عائد کردی۔تعلیمی سال دوہزار چوبیس،پچیس میں اساتذہ کیجانب سے بچوں پر تشدد کے 70 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے تھے۔رواں تعلیمی سال میں ابھی تک بچوں پر تشدد کے 81 سے زائد کیس رپورٹ کیے جاچکے ہیں۔پنجاب اسمبلی میں متعدد بار قرار داد پیش ہونے کے باجود بچوں پر تشدد کیلئے کوئی واضح قانون سازی نہیں کی جا سکی۔ اب سکولوں میں ڈنڈا رکھنے پر متعلقہ ٹیچرز کیخلاف سخت کارروائی کیجائے گی۔ڈنڈے سے بچوں پر شدید تشدد پر متعلقہ ٹیچرز کیخلاف ایف آئی آر درج ہوگی۔گورنمنٹ ہائی سکول کریم بلاک میں بچوں کے لیٹ آنے پر ابھی بھی بچوں کو ڈنڈے سے سزا دی جاتی ہے،مذکورہ واقعات پر ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے چپ سادھ رکھی ہے، محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ سکولوں میں بچوں پرجسمانی ،ذہنی اور بول کر تذلیل یا تشدد کرنے پر بھی سزا ہوگی۔بچوں پر تشدد کے حوالے سے قانون سازی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔قانون سازی کیلئے سمری آئندہ منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی کو بھجوائی جائے گی۔15روز کے اندر سمری کابینہ کمیٹی سے منظور کرالی جائے گی۔