سکولوں میں مفت کھانافراہمی پروگرام میں توسیع کی تیاری

 مزید 10اضلاع شامل کئے جائیں گے ، 15ارب روپے لاگت آئیگی 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں بچوں کو مفت کھانا فراہم کرنے والے "سکول میل پروگرام" کو توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ بچوں کی بڑھتی ہوئی انرولمنٹ اور والدین کے مثبت ردعمل کے بعد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سکول میل پروگرام کو آئندہ مالی سال میں مزید 10 اضلاع تک پھیلایا جائے گا، جس پر 15 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ موجودہ سکول میل پروگرام کے تحت 4 ارب روپے خرچ کیے گئے تھے، جس کے نتیجے میں سکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 55 ہزار 757 طلبہ کا اضافہ ہوا ہے۔منصوبے کے تحت اب تک 4 کروڑ دودھ کے ڈبے بچوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں، جس نے بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول میل پروگرام کے لیے عالمی فنڈنگ حاصل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، تاکہ اس پروگرام کو پائیدار بنیادوں پر ملک بھر میں پھیلایا جا سکے۔بچوں کی صحت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ توسیع کے بعد بھی یہ پروگرام اسی کامیابی سے آگے بڑھتا ہے یا نہیں۔