بالی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے شوہر پیٹر ہاگ کے خلاف گھریلو تشدد کے مقدمے اور طلاق کی کارروائی سے متعلق اپنی پہلی تفصیلی پوسٹ میں کھل کر بات کی ہے۔
فیس بک پر جاری کی گئی اس پوسٹ میں انہوں نے اپنے مشکل ترین وقت میں اپنی قانونی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اپنی حالتِ زار کا اظہار کیا۔سیلینا اور پیٹر ہاگ 2011 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ آج اپنی پوسٹ کے ساتھ انہوں نے ایک پرانی تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ کھڑکی کے پاس ساڑھی پہنے نظر آ رہی ہیں۔ پوسٹ کا آغاز انہوں نے ہیش ٹیگز 'ہمت' اور 'طلاق' کے ساتھ کیا اور لکھا:"میری زندگی کے سب سے مشکل اور طوفانی دور میں، جس میں مجھے اکیلے لڑنا پڑا، میں کبھی تصور بھی نہیں کر سکتی تھی کہ ایک دن ایسا بھی آئے گا جب میرے سب ستون گر جائیں گے۔ میرے والدین، بھائی، بچے اور وہ شخص جس نے محبت، وفا اور ہر مشکل میں ساتھ نبھانے کا وعدہ کیا تھا۔"اداکارہ نے شاعرانہ انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:"زندگی نے سب کچھ مجھ سے چھین لیا، جن لوگوں پر بھروسہ تھا وہ ساتھ چھوڑ گئے، جن وعدوں پر یقین تھا وہ خاموشی سے ٹوٹ گئے، مگر میں ڈوبی نہیں۔ طوفان نے مجھے توڑا نہیں، بلکہ مجھے ایک زندہ سمندر سے باہر پھینک دیا۔
میں اس عورت سے ملی ہوں جو سہاروں کے بغیر بھی زندہ رہ سکتی ہے، کیونکہ میں ایک سپاہی کی بیٹی ہوں۔ حوصلہ، نظم و ضبط، جرأت، استقامت، آگ اور ایمان میرے خون میں شامل ہیں۔ میں نے سیکھا ہے گر کر اٹھنا، دل ٹوٹنے کے باوجود لڑنا اور ناانصافی ہونے پر کسی پر رحم نہ کرنا۔"سیلینا نے اپنی قانونی ٹیم کرن جا والا اینڈ کمپنی کا بھی خصوصی ذکر کیا اور کہا:
"انہوں نے میرے سب سے مشکل لمحات میں میری ہمت بندھائی۔ چونکہ کیس عدالت میں ہے، اس لیے میں مزید تفصیلات نہیں بتا سکتی۔"اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے شوہر پیٹر ہاگ کے خلاف گھریلو تشدد، ذہنی اذیت اور بدسلوکی کے الزامات پر دائر مقدمے میں 50 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کرتی ہیں، جس میں آمدنی اور املاک کے نقصان کا معاوضہ شامل ہے۔یاد رہے کہ پیٹر ہاگ، جو آسٹریا سے تعلق رکھتے ہیں، ایک بزنس مین اور ہوٹل کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ دونوں کی شادی 2011 میں ہوئی تھی