مقصد ان رویوں اور سماجی سوچ کو بدلنا ہے جو ہراسگی اور صنفی امتیاز کو بڑھنے کا موقع دیتی ہیں،فوزیہ وقار
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسگی فوزیہ وقار نے کہاہے کہ ہم بدلیں گے سوچ کے نام سے 16 روزہ آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ان رویوں اور سماجی سوچ کو بدلنا ہے جو ملازمت کی جگہ پر ہراسگی اور صنفی امتیاز کو بڑھنے کا موقع دیتی ہیں۔انھیں مارچ 2023 سے اب تک کو ,3130 ہراسگی کی شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 2,736 کیسز نمٹا دیے گئے، اور صرف 292 کیسز زیرِ سماعت ہیں۔اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فوزیہ وقار نے کہا کہ صنفی بنیادوں پر تشدد اور ہراسگی ختم کرنے کے لیے صرف قوانین اور آگاہی کافی نہیں، بلکہ سوچ، رویوں اور اداروں کے ماحول میں تبدیلی ضروری ہے۔انہوں نے کہا:"اصل تبدیلی صرف قانون سے نہیں، سوچ سے آتی ہے۔ خواتین کے حقوق، عزت اور برابری کو ہم کیسے دیکھتے ہیں، یہی اصل بات ہے۔ 'ہم بدلیں گے سوچ' ہر شہری اور ہر ادارے کے لیے ایک پیغام ہے کہ برداشت نہیں، ہراسگی کے خلاف زیرو ٹالرنس ہونی چاہیے۔