مصر کے ساحلی علاقے مارسا عالم میں سیاحوں کی کشتی ڈوبنے کا ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 44 افراد سوار تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں 28 افراد کو بچا لیا گیا ہے، جبکہ 12 غیر ملکی سیاحوں سمیت 16 افراد کی تلاش جاری ہے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب سی اسٹوری نامی کشتی ایک بڑی لہر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار افراد سمندر میں گر گئے۔ گورنر ریڈ سی ریجن کے مطابق، حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں یہی بتایا گیا ہے کہ کشتی ایک بڑی لہر کے اثر سے غرق ہوئی۔
حادثے کے حوالے سے مصری حکام نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ کشتی میں کسی قسم کی تکنیکی خرابی نہیں تھی، اور اس کے باوجود اس کے ڈوبنے کی وجہ بڑی لہر کو قرار دی جا رہی ہے۔ اس حادثے کے بعد مصری محکمۂ موسمیات نے ہفتے کے روز بحیرۂ احمر میں بلند لہروں اور خراب موسم کی وارننگ جاری کی تھی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ موسمی حالات اس حادثے کی وجہ ہو سکتے ہیں۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقے میں امدادی کام شروع کیا اور بچائے گئے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ تاہم، تاحال غرقاب ہونے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔