ساہیوال کی ویمن بزنس کمیونٹی ق لیگ میں شامل

صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین سے حمیرا بخاری اور دیگر کی ملاقات 
 لاہور (خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے ساہیوال کی ویمن بزنس کمیونٹی کی ر ہنما حمیرا بخاری نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔حمیرا بخاری نے اپنی بزنس کمیونٹی سمیت پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی۔ مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری وصوبائی وزیر شافع حسین نے پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اورکہاکہ ہم مل کر عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے ،انتشار پارٹی کے دور حکومت میں قومی وسائل کی لوٹ مارکے سوا کچھ نہیں ہوا۔ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر جیبیں بھری گئیں ،انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگنے کے بجائے پراپرٹی کا کاروبار ہوتا رہا۔زرعی زمینوں پر ہا ئوسنگ سوسائٹیز بنا کر انہیں برباد کیا گیا۔ شافع حسین نے کہا موجودہ حکومت نے کسان کارڈ ،ہمت کارڈ ،اپنی چھت،اپنا گھر جیسے بے مثال فلاحی پروگرام شروع کئے ، سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی بدولت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کا رْخ کر رہے ہیں ،جب معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوتی ہے تو پی ٹی آئی کو احتجاج کی یاد ستانے لگتی ہے۔