سموگ میں کمی‘تعمیراتی کام کی اجازت‘دکانیں‘مارکیٹیں8بجے بند کرنیکا فیصلہ برقرار

سرکاری و نجی دفاتر کو 100 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ، فیصلے کا اطلاق لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد پر ہوگا
 زگ زیگ ٹیکنالوجی پر بھٹے بھی کام کرسکیں گے‘جمعہ سے اتوار تک ہیوی ٹریفک کو چاروں شہروں میں  داخلے کی اجازت نہیں ہوگی

لاہور(سپیشل رپورٹر)سموگ کی شدت میں کمی آگئی،  لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا‘پنجاب حکومت نے سموگ کی شدت میں کمی کے بعد پابندیوں میں مزید نرمی کردی۔ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت چار اضلاع میں تعمیراتی کام کی اجازت دے دی گئی، زگ زیگ ٹیکنالوجی پر بھٹے بھی کام کرسکیں گے، سرکاری و نجی دفاتر کو 100 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت بھی مل گئی، فیصلے کا اطلاق لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد پر ہوگاپنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہیوی ٹریفک پیر سے جمعرات تک اضلاع میں داخل ہوسکے گی جبکہ جمعہ سے اتوار تک ہیوی ٹریفک کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔چاروں اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے، ریسٹورنٹس کا ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ 10 بجے تک ہوگا، ہوڈ سسٹم نصب کیے بغیر باربی کیو کی اجازت نہیں ہوگی۔