لاہور میں تعمیراتی کاموں کی وجہ سے گرد ہی گرد ہے‘ اینٹی سموگ کا کوئی فائدہ نہیں لاہور ہائی کورٹ

سڑکوں پر ابھی بھی دھواں چھوڑتی گاڑیاں نظر آتی ہیں‘ محکمہ ماحولیات کے سینئر افسر سڑکوں پر کھڑے نظر آنے چاہیے ‘پھر لوگ خود احتیاط کریں گے
 نیلا گنبد پراجیکٹ میں تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کا اقدام خوش آئند ہے:جسٹس شاہد کریم، واسا کے میٹرز بارے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب  
لاہور(آئی این پی ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے نیلا گنبد پراجیکٹ میں تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کو خوش آئند قرار دے دیا، عدالت نے سڑکوں پر دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بہاولپور میں اس وقت سب سے زیادہ ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ ہو رہا ہے، اس کی سب سے بڑی وجہ ہیوی ٹریفک ہے، سڑکوں پر ابھی بھی دھواں چھوڑتی گاڑیاں نظر آتی ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ ماحولیات کے سینئر آفیسرز سڑکوں پر کھڑے نظر آنے چاہیے آپ جب سڑکوں پر نظر آئیں گے تو لوگ خود احتیاط کریں گے، لاہور میں ابھی بھی بہت سے تعمیراتی کام جاری ہیں، تعمیراتی کاموں کی وجہ سے گرد ہی گرد ہے۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اینٹی سموگ کا کوئی فائدہ نہیں ہے اگر اتنی ہی گرد پھر آنی ہے اس چیز کو روکنا پڑے گا، ایل ڈی اے سمیت دیگر محکموں پر اپنا کام مکمل کرنا چاہیے۔عدالت نے واسا کے میٹرز کے حوالے سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔ ہائیکورٹ نے کارروائی ایک ہفتے کے لئے ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ محکموں سے رپورٹس طلب کر لیں۔