پاکستانی شوبز انڈسٹری کے باصلاحیت اور ورسٹائل اداکار ببرک شاہ نے حالیہ ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی کے ایک غیر متوقع اور جذباتی پہلو سے پردہ اٹھایا، جس نے ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں میں حیرت کی لہر دوڑا دی۔
گفتگو کے دوران ببرک شاہ نے انکشاف کیا کہ وہ اور معروف اداکارہ وینا ملک ماضی میں ایک دوسرے کے بے حد قریب آ چکے تھے اور ان کی شادی کی تیاریوں تک بات پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں نے یہاں تک کہ ایک مشترکہ گھر بھی خریدا تھا تاکہ مستقبل میں ایک ساتھ زندگی گزار سکیں۔ببرک شاہ نے انٹرویو میں کہا:
“ہم دونوں شادی کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔ حتیٰ کہ ہم نے ایک پراپرٹی بھی مشترکہ طور پر خریدی تھی تاکہ اُس میں ایک ایسا گھر بنایا جا سکے جیسا کہ محمد علی اور زیبا نے ’علی زیبی ہاؤس‘ بنایا تھا۔”اداکار نے مزید وضاحت کی کہ:“بدقسمتی سے وینا کسی اور کی طرف مائل ہو گئی تھیں، اور سچ کہوں تو مجھے بھی کسی اور کا ساتھ مل گیا تھا۔ اس لیے ہم نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔”انہوں نے سوشل میڈیا اور خبروں میں چلنے والی اس بات کی تردید کی کہ وینا ملک نے انہیں جائیداد تحفے میں دی تھی:“یہ کہنا درست نہیں کہ وینا نے مجھے کوئی جائیداد تحفے میں دی۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے مشترکہ طور پر ایک گھر خریدا تھا اور اس کی تعمیر کا آغاز بھی ہم نے مل کر کیا تھا۔ بعد ازاں ہماری راہیں جدا ہو گئیں۔”ببرک شاہ نے یہ بھی بتایا کہ:“میں نے اس گھر کی تعمیر کو اگلے دس سال میں مکمل کیا اور آج بھی اسی گھر میں رہ رہا ہوں، تاہم اس گھر کی ملکیت قانونی طور پر وینا ملک کے نام پر ہے۔”
ان کی یہ دیانت دارانہ اور صاف گوئی پر مبنی گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، اور صارفین نے ان کی سچائی کو سراہا۔ کئی مداحوں نے تبصرہ کیا کہ ببرک شاہ جیسے اداکار اپنی نجی زندگی میں بھی دیانت اور اخلاق کی مثال قائم کرتے ہیں۔ایک صارف نے لکھا:“ببرک شاہ نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ وہ گھر ان کا ہے، یہ ان کی ایمانداری کی دلیل ہے۔”جبکہ دوسرے نے وینا ملک کی ظرف داری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:“یہ بہت بڑی بات ہے کہ آج بھی وہ گھر وینا کے نام پر ہے اور انہوں نے کبھی اس پر دعویٰ نہیں کیا۔”یاد رہے کہ ببرک شاہ اور وینا ملک دونوں ہی ماضی میں کئی ڈراموں اور فلموں میں اپنے فن کا لوہا منوا چکے ہیں، اور ان کا یہ ذاتی انکشاف کئی مداحوں کے لیے حیرت کا باعث بنا ہے، جو ان دونوں کے درمیان تعلق سے لاعلم تھے۔