ٹرین مسافر کو نشہ آور ٹافی کھلا کر لوٹنے والا ملزم گرفتار

ملزم سجاد عرف ننھا سٹیج ڈراموں کا پروڈیوسر بھی نکلا،15 وارداتوں میں ملوث
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹرین میں مسافر کو نشہ آور ٹافی کھلا کر لوٹنے والا ملزم پکڑا گیا۔تفصیل کے مطابق لاہور کی ریلوے پولیس نے ایک کارروائی میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عادی مجرم کو گرفتار کر لیا، ملزم سجاد عرف ننھا نے ریل مسافر نیاز احمد کو گزشتہ ماہ نشہ آور ٹافی کھلا کر لوٹ لیا تھا۔عادی ملزم نے ریل مسافر کا موبائل فون، لاکھوں مالیت کی گھڑی، 38 ہزار روپے رقم اور 2 چیک لوٹ لئے تھے۔جدید ٹیکنالوجی میں سی ڈی آر اور لائیو لوکیشن کی مدد سے عادی ملزم م کو چند دنوں میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم سجاد عرف ننھا ریکارڈ یافتہ نکلا جو 15 سے زائد وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے، ملزم کے خلاف پنجاب پولیس کے متعدد تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں۔ملزم سٹیج ڈراموں کا پروڈیوسر بھی نکلا، جس کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپا مار کارروائی جاری ہے۔