کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو فائنل میں شکست ،202رنزکا ہدف لاہور نے آخری اوور میں حاصل کیا،قلندرز نے تیسری بار ٹائٹل جیتا
صدر زرداری نے انعامات تقسیم کئے، فائنل جیتنے پر قلندرز کو 14 کروڑ ،رنر اپ گلیڈی ایٹرز کو 5 کروڑ 60 لاکھ ملے
حسن نواز میں آف دی ٹورنامنٹ ، پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو زبردست خراج تحسین،ہر طرف قومی پرچموں کی بہار
لاہور( کرائم رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 10 کا تاج لاہورقلندرکے سر سج گیا ،کوئٹہ گلیڈی ایٹر کوسنسنی خیز فائنل میں شکست ہوگئی ، فائنل میں لاہور نے کوئٹہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی دی۔پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی فائنل میچ دیکھنے قذافی سٹیڈیم لاہور آئے ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ان کا والہانہ خیر مقدم کیا۔ فائنل میچ کے دوران پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ معروف گلوکاروں کے ملی نغموں اور شائقین کے بھرپور جوش و خروش نے سٹیڈیم کا ماحول گرما دیا۔ ہر طرف قومی پرچموں کی بہار اور پاکستان زندہ باد کے نعروں نے قذافی سٹیڈیم کو وطن سے محبت کا مرکز بنا دیا ، شائقین نے پاک بحریہ کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس نے آسمان کو رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا دیا۔پی ایس ایل 10 کا یہ فائنل نہ صرف کرکٹ کے جذبے کا جشن تھا بلکہ ایک قومی یکجہتی کا مظاہرہ بھی ثابت ہوا۔گزشتہ رات لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 202 رنز کا ہدف 20ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کوشل پریرا 62 اور وننگ شاٹ کھیلنے والے سکندر رضا 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ان کے علاوہ محمد نعیم 46، عبداللہ شفیق 41، بانوکا راجا پکسے 14 اور فخر زمان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر، فہیم اشرف، ابرار احمد اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ان کے علاوہ ایوشکا فرنینڈو 29، فہیم اشرف 28، رلی روسو 22، دنیشن چندی مل 22، فن ایلن 12، سعود شکیل چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ خرم شہزاد دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ابرار احمد اور محمد عامر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین، سلمان مرزا اور حارث رؤف نے دو، دو جبکہ سکندر رضا اور رشاد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔کوشل پریرا مین آف دی میچ جبکہ حسن نواز مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے،ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے انعامی رقم تقریباً 14 کروڑ روپیسے زائد بھی حاصل کرلی۔رنر اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حصے میں 5 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد آئے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور قلندرز کو مبارکباد دی ،سپیکر قومی اسمبلی نے کہا لاہور قلندرز کی فتح ٹیم ورک اور محنت کا نتیجہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاہور قلندر کی فتح پر ٹیم کو مبارک باد دی ،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کوئٹہ اور لاہور کے بہترین کھیل کے باعث شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملا، لاہور قلندر نے اپنی محنت اور لگن سے فائنل میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔