پی ایس ایل : افتتاحی میچ میںلاہور قلندرز کا حیدر آباد کنگز مین سے مقابلہ

لاہور (سپورٹس ڈیسک): پاکستان سپر لیگ 11 کا آغاز عید کے بعد ہو رہا ہے افتتاحی میچ کن ٹیموں کے درمیان ہوگا یہ سامنے  آ گیا ہے۔دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ کے گیارھویں ایڈیشن پہلی بار 8 ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا، جس کا آغاز رواں ماہ مارچ میں عیدالفطر کے بعد ہو رہا ہے۔پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے گزشتہ روز سیالکوٹ اسٹالینز کی ملکیت تبدیلی کے موقع پر ہونے والی پریس کانفرنس میں پی ایس ایل کی مزید تفصیلات سے پردہ اٹھایا۔سلمان نصیر نے بتایا کہ پی ایس ایل 11 کی افتتاحی تقریب 26 مارچ کا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گی جب کہ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بننے والی حیدر آباد کنگز مین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 11 کا باضابطہ شیڈول چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔ کوشش ہے کہ اس بار پی ایس ایل کے کچھ میچز پشاور میں کرائے جائیں۔ اس سلسلے میں ہماری ریکی ٹیم نے پشاور اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا ہے۔سلمان نصیر نے بیرون ملک فائنل رکھنے کے بارے سوال پر بتایا کہ پی ایس ایل کا ایک میچ بیرون ملک اس سال ہوگا یا اگلے سال اس کا فیصلہ چند روز میں ہوجائے گا۔