ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے حال ہی میں لندن میں فلم لو گرو کے پروموشنل ایونٹ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر خاموشی توڑ دی ہے۔
ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ وہ ایک مضبوط عورت ہیں، جو عمومی طور پر مدد نہیں مانگتیں، لیکن اس موقع پر ہمایوں سعید نے ان کے جذبات فوراً محسوس کیے اور بروقت مدد کو آئے۔یہ واقعہ لندن کے الفورڈ علاقے میں ایک انڈو-پاک سپر مارکیٹ میں پیش آیا جہاں ماہرہ اور ہمایوں فلم کی تشہیر کے لیے مداحوں سے ملنے پہنچے تھے۔ تاہم ناقص انتظامات اور حد سے زیادہ ہجوم کے باعث صورتحال بگڑ گئی اور بھیڑ قابو سے باہر ہو گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان ہجوم میں گھِر گئیں، اس دوران ایک سیکیورٹی اہلکار کے غیر مناسب طور پر قریب آنے سے وہ شدید پریشان ہوئیں۔ موقع پر موجود ہمایوں سعید نے فوری طور پر مداخلت کی اور ماہرہ کو محفوظ مقام تک لے گئے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ نے کہا:"مجھے لگا جیسے مجھے کسی مدد کی ضرورت ہے، اور وہ [ہمایوں] فوراً آ گئے۔ وہ میری کیفیت سمجھ گئے تھے۔"اداکار ہمایوں سعید نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ:"ماہرہ میری دوست ہیں، لیکن میں کسی بھی خاتون کو مشکل میں دیکھوں گا تو ضرور مدد کروں گا۔ یہ میرا فرض ہے۔"واقعے کے بعد ایونٹ کے منتظمین پر شدید تنقید کی گئی۔ شائقین اور ماہرہ کے مداحوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ اس طرح کے تقریبات میں سیکیورٹی اور انتظامات بہتر بنائے جائیں تاکہ فنکاروں کو ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔