اوسلو (نیٹ نیوز) ناروے کے علاقے بینیسٹ (Byneset)، جو ٹرونڈہائیم کے قریب واقع ہے، میں ایک شخص اس وقت حیرت زدہ رہ گیا جب علی الصبح اس کے گھر کے سامنے ایک دیوہیکل کنٹینر شپ آ کر رک گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 135 میٹر طویل کارگو شپ "این سی ایل سالٹن" جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے کے قریب ساحل سے ٹکرا گئی اور سیدھی اس کے باغیچے میں داخل ہو گئی۔جوہان ہیلبیرگ نامی شخص نے بتایا کہ اسے کسی شور یا تصادم کی آواز کا بالکل احساس نہ ہوا۔ اسے حقیقت کا علم اس وقت ہوا جب اس کے گھبرائے ہوئے پڑوسی نے صبح کے وقت اس کے گھر کی گھنٹی بجائی اور موبائل فون پر کال کر کے جگایا۔ پڑوسی نے جہاز کو تیز رفتاری سے خشکی کی جانب آتے دیکھا تھا اور فوراً جوہان کو خبردار کرنے دوڑا۔ہیلبیرگ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’’میں نے کھڑکی سے باہر دیکھا تو مجھے اپنی گردن اوپر کر کے اس جہاز کی چھت دیکھنا پڑی، یہ سب بہت غیر حقیقی محسوس ہو رہا تھا۔ اگر جہاز صرف پانچ میٹر مزید جنوب کی طرف آیا ہوتا تو سیدھا میرے بیڈ روم میں گھس آتا۔‘‘یہ شپ قبرصی پرچم کے تحت سفر کر رہی تھی اور ٹرونڈہائیم فِیورڈ کے راستے اورکینگر کی جانب جا رہی تھی کہ اپنا راستہ بھٹک گئی۔ خوش قسمتی سے جہاز میں سوار 16 افراد سمیت کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور ناروے کی پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ شپ کو کرائے پر چلانے والی کمپنی این سی ایل کے سربراہ نے اسے ’’سنگین واقعہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ حکام کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہی جہاز 2023 میں بھی ایک بار زمین سے ٹکرا چکا ہے مگر اس وقت اپنی طاقت سے واپس پانی میں آ گیا تھا۔