شاہ عالم ، اچھرہ بازار وں کے’’میک اپ‘‘ کی تیاری

ابتدائی مرحلہ میں دونوں بازاروں کے داخلی گیٹ بنائے جائیں گے،ڈیڑھ ارب روپے کی رقم پنجاب حکومت فراہم کرے گی
لاہور (کرائم رپورٹر)شاہ عالمی مارکیٹ اور اچھرہ بازار کی اپ گریڈیشن ضلعی انتظامیہ کے سپرد کردی گئی ،60 کروڑ روپے کی لاگت سے اچھرہ ، 90 کروڑ روپے سے شاہ عالمی کی تعمیر و بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈیڑھ ارب روپے کی رقم پنجاب حکومت ضلعی انتظامیہ کوفراہم کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے دو بڑے تاریخی بازاروں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ شاہ عالم اور اچھرہ بازار کی اپگریڈیشن ضلعی انتظامیہ کے سپرد کر دی گئی ،60 کروڑ کی لاگت سے اچھرہ جبکہ 90 کروڑ کی لاگت سے شاہ عالمی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ابتدائی مرحلہ میں دونوں بازاروں کے داخلی گیٹ بنائے جائیں گے۔ کھمبے اور لٹکتی تاروں کو ختم کر کے انڈرگرائونڈ وائرنگ سے بجلی کا نظام فعال کیا جائے گا۔ دکانوں کے باہر یونیفارم سائنیج کو یقینی بنایا جائے گا۔ فٹ پاتھ کی تعمیر ، بینچیز کی تنصیب اور ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی،خوبصورتی کے لئے دونوں اطراف میں پلانٹیشن بھی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے پلان تیار کر لیا ، وزیر اعلیٰ کو تجاویزی پلان کی بریفنگ دی جائے گی۔