چپس، نمکو اور دیگر پیک شدہ نمکین اسنیکس بہت سے لوگوں کی روزمرہ خوراک کا حصہ بن جاتے ہیں، تاہم ان کا بار بار استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق چند آسان عادات اپنا کر غیر ضروری اسنیکنگ کو کم کیا جاسکتا ہے۔
پہلے پانی آزمائیں
کئی مرتبہ جسم کی پیاس کو بھوک سمجھ لیا جاتا ہے۔ اس لیے چپس یا نمکو کا پیکٹ کھولنے سے پہلے ایک گلاس پانی پینا مفید ہوسکتا ہے۔ اگر کچھ دیر بعد بھی بھوک محسوس ہو تو متوازن غذا کا انتخاب کیا جائے۔
صحت مند اسنیکس کا انتخاب کریں
چپس اور نمکو کے بجائے بھنے ہوئے چنے، سادہ پاپ کارن، کم نمک والے مکھانے یا محدود مقدار میں خشک میوہ جات کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایسی غذا کھائیں جو دیر تک پیٹ بھرا رکھے
پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی پر مشتمل متوازن غذا زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس دے سکتی ہے، جس سے بار بار کچھ کھانے کی خواہش کم ہوسکتی ہے۔
اسنیک کھانے سے پہلے چند لمحے رکیں
جب بھی بلاوجہ اسنیک کھانے کا دل کرے تو فوراً پیکٹ کھولنے کے بجائے چند سیکنڈ رک کر خود سے سوال کریں کہ واقعی بھوک لگی ہے یا صرف عادتاً کھانے کی خواہش ہورہی ہے۔ اس مختصر وقفے سے کھانے کی عادت پر توجہ دینے اور وقت کے ساتھ غیر ضروری اسنیکنگ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔