بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع میسور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پاپڑ کے پیکٹ میں بطور مفت تحفہ شامل پلاسٹک کا کھلونا گلے میں پھنسنے سے پانچ سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ میسور کے گاؤں گوری پورا میں پیش آیا، جہاں پانچ سالہ بچے نے پاپڑ کے پیکٹ میں موجود ایک چھوٹی پلاسٹک کی گیند کھیلتے ہوئے حادثاتی طور پر نگل لی۔رپورٹس کے مطابق گیند بچے کے گلے میں پھنس گئی، جس کے باعث اسے سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اہل خانہ فوری طور پر بچے کو قریبی اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود اس کی جان نہ بچائی جا سکی۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والا بچہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا، جس سے اہل خانہ شدید صدمے میں ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلاسٹک کی گیند پاپڑ کے پیکٹ میں بطور پروموشنل تحفہ شامل کی گئی تھی۔ بچے نے کھیلتے ہوئے اسے منہ میں ڈالا اور وہ حادثاتی طور پر حلق میں چلی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال اہل خانہ کی جانب سے کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی، تاہم حکام خاندان سے رابطے میں ہیں اور شکایت موصول ہونے کی صورت میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ماہرین نے اس واقعے کے بعد والدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کھانے کی اشیا کے ساتھ ملنے والے چھوٹے پلاسٹک کے کھلونوں یا دیگر اشیا بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں، کیونکہ ایسی اشیا کم عمر بچوں کے لیے دم گھٹنے کا خطرہ پیدا کر سکتی ہیں۔