بھارت: ہندو مسلم مذاہب کی شادیاں ایک سٹیج پر

 بارش سے ہندو جوڑے کی شادی متاثر ہوئی ، مسلم خاندان نے ولیمے کا مقام رسومات کیلئے پیش کردیا
پونے (آن لائن)بھارتی شہر پونے میں بارش سے ہندو جوڑے کی شادی متاثر ہوئی تو مسلم خاندان نے اپنے ولیمے کا مقام رسومات کے لیے پیش کردیا۔پونے میں اس وقت اتحاد اور انسانیت کی شاندار مثال دیکھنے کو ملی جب تیز بارش نے ایک ہندو شادی کی تقریب کو متاثر کردیا اور ایک مسلم خاندان نے اپنے بیٹے کے ولیمے کی تقریب کا مقام ہندو شادی کے لیے دے دیا۔یہ واقعہ پونے کے علاقے وانواڑی میں پیش آیا، جہاں سَنکرتی کاوڈے اور نریندر گلاندے کی شادی شام 6:56 بجے ہونے والی تھی، شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں تھیں کہ اچانک تیز بارش نے سب کچھ درہم برہم کر دیا، مہمانوں نے بھاگ کر پناہ لی اور کھلا میدان پانی سے بھر گیا۔اسی مقام کے ساتھ ایک ہال میں ریٹائرڈ پولیس آفیسر فاروق قاضی کے بیٹے محسن اور دلہن ماہین کا ولیمہ جاری تھا، ہندو خاندان نے جب اپنی مجبوری بیان کرتے ہوئے قاضی خاندان سے ہال میں شادی کی اجازت مانگی تو انہوں نے فوراً ہاں کر دی۔قاضی خاندان کے مہمانوں نے خود ہندو شادی کی تیاری میں ہاتھ بٹایا، ہندو رسومات پہلے ادا کی گئیں، اس کے بعد ولیمہ ہوا۔