100کے قریب یوکرینی ڈرونز کو تباہ کیا یا روک لیا گیا،روسی وزارت دفاع، مزید 307قیدی رہا
ماسکو(آئی این پی )روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر مسلسل دوسرے روز بھی مہلک فضائی حملے کیے، جن میں میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح کیے گئے ان حملوں میں 13افراد ہلاک اور کم از کم 18زخمی ہو گئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ شہری عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔کیف کے میئر ویٹالی کلچکو نے ان حملوں کو بڑے پیمانے پر قرار دیا، جبکہ فضائی حملے کے سائرن کئی گھنٹوں تک گونجتے رہے۔ شہریوں کو رات بھر پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ یوکرین کی فضائیہ نے بتایا کہ ڈرونز، بیلسٹک اور کروز میزائلز پر مشتمل یہ حملے کئی شہروں کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے، جن میں بنیادی توجہ دارالحکومت کیف پر مرکوز تھی۔ ادھر روسی وزارت دفاع نے دعوی ٰکیا ہے کہ اتوار کو اس نے 100 کے قریب یوکرینی ڈرونز کو تباہ کیا یا روک لیا، جن میں سے اکثر مرکزی اور جنوبی روس میں مار گرائے گئے، جبکہ دو ماسکو کے قریب گرے۔ دوسری جانب دونوں ممالک کے مابین قیدیوں کے تبادلے کے دوسرے روز مزید 307 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔