آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانا قابل ستائش ،ر بلوچستان میں بھرپور آپریشن کی ضرورت،سابق وزیراعظم
اسلام آباد(آئی این پی ) سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امریکا کو ساری حقیقت معلوم ہو چکی، مودی کی حکمت عملی ناکام ہوگئی، پاکستانی قیادت نے دفاعی حکمت عملی اور خطے میں امن کے حوالے سے اہم موقف پیش کیا۔ایک انٹرویو میں سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خضدار میں ہونے والی دہشت گردی کا دکھ وہ الفاظ میں نہیں بیان کر سکتے، لیکن یہ وقت آ چکا ہے کہ دہشت گردوں کا منہ توڑا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے کئی مراحل ہوتے ہیں اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے۔ سابق نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات نئے نہیں ہیں اور افغان قیادت کو اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں پاکستان کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایوارڈ دے کر ایک نیک فیصلہ کیا ہے۔