آج تک معلوم نہیں ہوا کامیاب کیسے ہوا؟ گلوکار عاطف اسلم

 بہت سے لوگ اس کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں، لیکن کوئی خاص محنت نہیں تھی، گائیکی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا
لاہور (شوبز ڈیسک) گلوکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ مجھے آج تک نہیں معلوم کہ میں کامیاب کیسے ہوا؟حال ہی میں عاطف اسلم نے بھارت کے معروف یوٹیوب چینل کو ایک انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی شہرت، کامیابی اور موسیقی چھوڑنے سے متعلق خیالات پر کھل کر گفتگو کی۔اپنی شہرت کے بارے میں بات کرتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں تھا، مجھے اس بات کا کوئی اندازہ نہیں تھا کہ میں کامیاب کیسے ہوا؟ آج تک مجھے نہیں معلوم کہ یہ سب کیسے ہوا؟ کیونکہ ایک گانے کے بعد آپ سوچتے ہیں کہ اچھا، اب آگے کیا؟ اور دوسرے گانے کے بعد آپ سوچتے ہیں کہ بس، شاید لوگ مجھے پسند نہیں کرتے، لیکن البم کے بعد صورتحال مشکل ہوجاتی ہے کیونکہ ذمے داری کا احساس پیدا ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اس کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں، لیکن کوئی خاص محنت نہیں تھی، اللہ آپ کو وہیں لے جاتا ہے جہاں وہ آپ کو دیکھنا چاہتا ہے، شہرت یا کامیابی بس یہی ہے۔موسیقی چھوڑنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی موسیقی چھوڑنے یا گائیکی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بارے میں نہیں سوچا، البتہ کبھی کبھی تخلیقی جمود آجاتا ہے اور میرا ماننا ہے کہ ایک فنکار کے لیے یہ بھی ضروری ہے۔