شہید ملت روڈ میڈی کیئرکٹ کے قریب جناح میڈیکل ڈینٹل کالج کی طالبات کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا گیا، جس کے بعد آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق واردات صبح تقریباً 8:15 بجے ہوئی جب بس معمول کے مطابق طالبات لینے آئی تھی۔ دو نامعلوم مسلح ملزمان بس میں سوار ہوئے اور تین طالبات سے موبائل فونز، جیولری اور ایک آرٹیفیشل بریسلیٹ چھین کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعے کے مقام پر معمول کے مطابق سیکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھے، جس سے ملزمان نے واردات کو آسانی سے انجام دیا۔آئی جی سندھ نے متعلقہ ایس ایچ او اور سیکیورٹی عملے کے خلاف کارروائی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات دیے۔ ساتھ ہی متاثرین اور چشم دید گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر ملوث گروہ کے خلاف کاروائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔