ریسکیو کی بروقت کارروائی ، آگ کو قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر)خالق نگر یوحنا آباد کے قریب واقع ایک فیکٹری کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ جرابیں بنانے والی فیکٹری کے گودام میں لگی، جہاں موجود سامان نے آگ کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ آگ دوبارہ نہ بھڑک سکے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث آگ کو قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا۔