مقصد اوورچارجنگ، کرپشن کے خاتمے اور ٹول ٹیکس وصولی میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے: ملک صہیب احمد بھرتھ
لاہور (سپیشل رپورٹر) محکمہ ہائی وے نے پنجاب بھر کے تمام مینول ٹول پلازوں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد اوورچارجنگ، کرپشن کے خاتمے اور ٹول ٹیکس وصولی میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں ٹول پلازوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور ایکسینز نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ ہائی وے کے 41 ٹول پلازوں کو ڈیجیٹل کیا جائے گا جبکہ ٹول پلازوں پر کیش کولیکشن کے نظام کی نگرانی کے لیے ڈیش بورڈ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ ٹول پلازوں پر اوورچارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے شکایات پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی