پاکستان اور یورپی یونین میں دفاعی ‘سٹریٹجک تعاون وسیع کرنے پر اتفاق

 وزیر دفاع خواجہ آصف سے یورپی سفیر  کی ملاقات‘علاقائی سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ  خیال
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے  اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبہ جات، بالخصوص دفاع اور سیکیورٹی میں اس تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں بدلتی ہوئی عالمی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ ملاقات کے اختتام پر باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا