شدید بارشوں کے باعث سنگھوکے سمیت کئی دیہات سیلاب کی زد میں آ گئے تھے، لوگوں کو اپنے مویشی نکالنے کا موقع نہ مل سکا
پاکستانی عوام نے مشکل وقت میں اعلیٰ ظرفی اور دریا دلی کا مظاہرہ کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ‘شکریہ ادا کرتے ہیں:سکھ برادری
اسلام آباد ( آن لائن) قدرتی آفات میں بھی پاکستانی عوام نے انسانیت، ہمدردی اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔ حالیہ سیلاب کے دوران دریا کے بہاؤ کے ساتھ بھارت کے سرحدی علاقوں سے بہہ کر آنے والے درجنوں مویشیوں کو پاکستانی شہریوں نے امانت سمجھ کر محفوظ رکھا اور بعد ازاں خیر سگالی کے جذبے کے تحت بھارتی پنجاب واپس بھیج دیا۔بھارتی پنجاب کے ضلع امرتسر کے سرحدی گاؤں سنگھوکے میں مقامی باشندوں نے پاکستان کے اس انسانی اور اخلاقی رویے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستانی عوام نے مشکل وقت میں اعلیٰ ظرفی اور دریا دلی کا مظاہرہ کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔سرحدی گاؤں کے ایک سکھ شہری نے بتایا کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث سنگھوکے سمیت کئی دیہات سیلاب کی زد میں آ گئے تھے، اور لوگوں کو اپنے مویشی نکالنے کا موقع نہیں ملا۔ ‘‘بھینسیں اور گائیں سیلاب کے پانی میں بہہ کر پاکستان کے علاقے میں چلی گئیں، مگر پاکستانی بھائیوں نے انہیں محفوظ رکھا اور واپس بھیجا۔سکھ شہری کے مطابق پاکستان کی جانب سے اب تک کم از کم 300 جانور سرحد پار بھارتی پنجاب واپس پہنچ چکے ہیں