جنگ کے خاتمے کیلئے حکومت اور پاک افواج نے نمایاں کردار ادا کیا ہے‘ دشمن سازشوں کے ذریعے انتشار پیدا کرتا ہے
کراچی کو موجودہ حالات میں نظر انداز کر کے ملک کے استحکام کی ضمانت نہیں دی جا سکتی: خالد مقبول صدیقی، مصطفی کمال، امین الحق، انیس قائم خانی
کراچی(آئی این پی)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں نے 28ویں آئینی ترمیم فوری طور پر لانے اور آرٹیکل 140 اے کو موثر بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بااختیار بلدیاتی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے،جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان حکومت اور پاک افواج نے نمایاں کردار ادا کیا ہے،، کراچی کو موجودہ حالات میں نظر انداز کر کے ملک کے استحکام کی ضمانت نہیں دی جا سکتی، ہر بحران سے نمٹنے کے لیے قوم کو تیار رہنا ہوگا۔ چیرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے مصطفی کمال، امین الحق، انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس جنگ کا پچھلے تیس چالیس سال سے کہا جارہا تھا وہ جنگ ہمارے دروازے پر پہنچ چکی ہے، جنگ کے خاتمے کے لئے پاکستان کی حکومت اور پاک افواج نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آرٹیکل 140 اے کو اٹھارویں ترمیم کے بعد جرم سمجھا جاتا ہے تو وہ بھی اس میں شریک ہیں، 28ویں ترمیم کے ذریعے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام قومیتوں اور زبانیں بولنے والوں کے لیے متحد ہونے کا وقت آ چکا ہے، کیونکہ دشمن براہ راست میدان جنگ میں شکست نہ دے سکے تو سازشوں کے ذریعے انتشار پیدا کرتا ہے، کراچی دشمن کے لیے سب سے آسان ہدف بن سکتا ہے اور یہ شہر پاکستان کی معیشت کی شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو موجودہ حالات میں نظر انداز کر کے ملک کے استحکام کی ضمانت نہیں دی جا سکتی، جبکہ ہر بحران سے نمٹنے کے لیے قوم کو تیار رہنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان ثالثی اور مذاکرات کے جس عزم کا اظہار کر رہا ہے ہم ان کے ساتھ ہیں، سرحدوں کی حفاظت کرنے کے لیے پاک افواج دفاع کر سکتی ہیں، قوموں پر مسلط جنگ فوج نہیں پوری قوم لڑتی ہے، جنگ زدہ علاقوں میں دیکھا ہے ایسے حالات میں اقتدار کو عوام کی جانب منتقل کر دیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صرف ووٹ لینے والوں کا نہیں ووٹ دینے والوں کا بھی حق ہوتا ہے، پاکستان میں موروثی سیاست اور خاندانی اقتدار اس بات کی ضرورت محسوس نہیں کرتا، ہم منتظر تھے اٹھائیسویں ترمیم میں پاکستان کی عوام کو خوشخبری دی جاتی اقتدار میں بھی آپ کا حصہ ہے۔