جرائم کے خلاف سیالکوٹ پولیس کی تیز ترین کارروائی،

 محمد ندیم بھٹی 
ہمارے معاشرے میں ایف آئی آر محض ایک رسمی قانونی دستاویز نہیں بلکہ انصاف کے پورے نظام کی بنیاد ھے۔ کسی بھی جرم کے وقوع پذیر ھونے کے بعد جو پہلا قدم ریاستی مشینری کی جانب سے اٹھایا جاتا ھے وہ ایف آئی آر کا اندراج ھے، اور یہی وہ بنیادی پتھر ھے جس پر تفتیش، استغاثہ اور عدالتی فیصلے کی عمارت کھڑی ھوتی ھے۔ اگر اس ابتدائی مرحلے میں کمزوری، ابہام یا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے تو بعد کے تمام مراحل متاثر ھو جاتے ہیں اور انصاف کا حصول مشکل ھو جاتا ھے۔ یہی وجہ ھے کہ ایک مضبوط، جامع اور حقائق پر مبنی ایف آئی آر نہ صرف متاثرہ فریق کے لیے امید کی کرن ھوتی ھے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بھی ایک واضح سمت کا تعین کرتی ھے۔
زیرِ نظر مقدمہ اسی تناظر میں ایک اہم مثال کے طور پر سامنے آتا ھے جہاں ایک جانب جرم کی سنگینی اپنی جگہ موجود ھے تو دوسری جانب پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی ایک مثبت اور امید افزا پہلو کے طور پر ابھرتی ھے۔ اس کیس میں سیالکوٹ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن  (ر) دوست محمد کی قیادت، اور ایس ڈی پی او طارق محمود ڈھڈی کینٹ سرکل کی  نگرانی میں جس مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائی کی گئی، وہ جدید پولیسنگ کی ایک واضح مثال ھے۔ محض چار دنوں کے مختصر عرصے میں ملزمان کا سراغ لگانا، انہیں قانون کی گرفت میں لانا اور لیڈیز کپڑوں کے معروف برانڈ کی تقریباً اکسٹھ لاکھ روپے مالیت کی ریکوری کرنا کسی معمولی کارکردگی کا مظہر نہیں بلکہ ایک منظم اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا نتیجہ ھے۔
یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ جرائم کی نوعیت روز بروز پیچیدہ ھوتی جا رہی ھے۔ جدید ٹیکنالوجی نے جہاں عام شہریوں کی زندگی کو آسان بنایا ھے وہیں جرائم پیشہ عناصر نے بھی اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے طریقہ واردات کو مزید جدید اور پیچیدہ بنا لیا ھے۔ ایسے میں روایتی پولیسنگ کے طریقے اکثر ناکافی ثابت ھوتے ہیں۔ یہی وہ مقام ھے جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی اہمیت دوچند ھو جاتی ھے۔ زیرِ بحث کیس میں بھی پولیس نے خفیہ معلومات، تکنیکی شواہد اور مربوط ٹیم ورک کے ذریعے جس سرعت اور مہارت کے ساتھ کارروائی کی، وہ اس بات کا ثبوت ھے کہ اگر ارادہ مضبوط ھو اور حکمت عملی جدید تقاضوں کے مطابق ترتیب دی جائے تو جرائم کا خاتمہ ممکن ھے۔
اس کامیاب کارروائی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ھے کہ پولیس نے نہ صرف ملزمان کو گرفتار کیا بلکہ متاثرہ فریق کے مالی نقصان کا ازالہ بھی ممکن بنایا۔ اکسٹھ لاکھ روپے کی ریکوری ایک بڑی کامیابی ھے جو عوام کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ھے۔ ہمارے معاشرے میں اکثر یہ شکایت سامنے آتی ھے کہ پولیس ملزمان کو تو گرفتار کر لیتی ھے لیکن لوٹا گیا مال برآمد نہیں ھو پاتا، جس کے باعث متاثرین کو مکمل انصاف نہیں ملتا۔ تاہم اس کیس میں پولیس نے اس روایت کو بدلتے ہوئے ایک مثبت مثال قائم کی ھے۔
یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ھے کہ کسی بھی کامیاب آپریشن کے پیچھے ایک مضبوط قیادت اور مربوط ٹیم ورک ھوتا ھے۔  کیپٹن (ر) ڈی پی او دوست محمد کی قیادت، اور ایس ڈی پی او طارق محمود ڈھڈی کی فیلڈ سطح پر موجودگی نے اس کارروائی کو مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پولیس فورس کے انسپکٹر  اور جوانوں نے دن رات محنت کر کے نہ صرف کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا بلکہ یہ ثابت کیا کہ اگر ادارہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو ایمانداری سے ادا کرے تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ھے۔
اس کامیابی پر پنجاب پولیس کے سربراہ آئی جی پنجاب پولیس  جناب رائوعبدالکریم کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا بجا ھے جن کی قیادت میں پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کی پالیسیوں کا ہی نتیجہ ھے کہ آج پولیس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے جرائم کے خلاف مؤثر انداز میں برسرِ پیکار ھے۔ یہ امر خوش آئند ھے کہ پولیس کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ھے اور عوام کے اعتماد میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ھے۔
تاہم اس مثبت تصویر کے ساتھ ساتھ ہمیں اس حقیقت کو بھی تسلیم کرنا ھوگا کہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ھے۔ پولیس نظام میں اصلاحات، احتساب کا مؤثر نظام، جدید تربیت اور وسائل کی فراہمی ایسے عوامل ہیں جن پر مسلسل توجہ دینے کی ضرورت ھے۔ اگر ان پہلوؤں کو نظر انداز کیا گیا تو وقتی کامیابیاں دیرپا نتائج فراہم نہیں کر سکیں گی۔ اس لیے ضروری ھے کہ اس طرح کی کامیاب کارروائیوں کو ایک ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے اور انہیں دیگر اضلاع میں بھی دہرایا جائے۔
عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا رشتہ بھی اس پورے نظام کا ایک اہم ستون ھے۔ جب تک شہری پولیس پر اعتماد نہیں کریں گے اور اپنی شکایات بروقت درج نہیں کروائیں گے، جرائم کے خلاف جنگ مکمل طور پر کامیاب نہیں ھو سکتی۔ اس کیس میں بروقت ایف آئی آر کا اندراج اور اس کے بعد فوری کارروائی اس بات کا ثبوت ھے کہ اگر دونوں فریق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
 ایسی مثبت کارروائیوں کو اجاگر کرنا  معاشرے میں امید اور اعتماد کی فضا قائم  کرنا ھے تنقید اپنی جگہ اہم ھے لیکن جہاں اچھا کام ھو وہاں اس کی تعریف بھی ھونی چاہیے تاکہ اداروں کی حوصلہ افزائی ھو اور وہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
اگر ہم اس پورے معاملے کا گہرائی سے جائزہ لیں تو یہ کیس صرف ایک جرم کی کہانی نہیں بلکہ ایک مؤثر اور متحرک نظام کی عکاسی کرتا ھے۔ دو دن کے اندر ملزمان کی گرفتاری اور بھاری مالیت کی ریکوری اس بات کا واضح ثبوت ھے کہ پولیس اگر پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور جدید حکمت عملی کے ساتھ کام کرے تو جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں رہتی۔اس کیس نے یہ بھی ثابت کیا ھے کہ جب قیادت فعال اور جوابدہ ھو تو ماتحت عملہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا ھے۔ یہ ایک زنجیر کی مانند ھے جس کی ہر کڑی مضبوط ھو تو پورا نظام مؤثر ھو جاتا ھے۔ ڈی پی او دوست محمد، اور ایس ڈی پی او طارق محمود ڈھڈی کی قیادت میں ھونے والی یہ کارروائی اسی مربوط نظام کی عکاسی کرتی ھے جس میں منصوبہ بندی، عملدرآمد اور نتائج تینوں پہلو نمایاں طور پر کامیاب نظر آتے ہیں۔
میرے مطابق  یہ بھی کہا جا سکتا ھے کہ جرائم کے خلاف جنگ صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ایک مشترکہ قومی فریضہ ھے جس میں عوام، میڈیا اور ریاستی ادارے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ھے۔ تاہم جب پولیس اس طرح کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے تو اسے 
سراہنا بھی ہماری ذمہ داری بنتی ھے۔ یہ کامیاب کارروائی نہ صرف متاثرہ فریق کے لیے انصاف کی فراہمی کا ذریعہ بنی بلکہ معاشرے کے لیے ایک مثبت پیغام بھی لے کر آئی ھے کہ قانون کی گرفت مضبوط ھے اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔
یہی وہ راستہ ھے جو ہمیں ایک محفوظ، پرامن اور منصفانہ معاشرے کی طرف لے جا سکتا ھے، اور اگر اسی تسلسل کے ساتھ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور پیشہ ورانہ پولیسنگ کو فروغ دیا جاتا رہا تو وہ دن دور نہیں جب جرائم میں واضح کمی اور عوام کے اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔