لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور سے کراچی آنیوالی کراچی ایکسپریس ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، جب اس کی پاور وین میں اچانک آگ بھڑک اْٹھی۔ یہ واقعہ 346 کلومیٹر کے مقام، کوٹ لالو ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرین کو ایمرجنسی میں روک دیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ سے ٹریک بلاک ہو گیا اور سر سید ایکسپریس کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پر روکنا پڑا، جس کے نتیجے میں ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی اور مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔کراچی ایکسپریس جب کوٹ لالو ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی تو اچانک پاور وین میں آگ لگ گئی۔ اسٹیشن ماسٹر (اے ایس ایم) نظام الدین خاصخیلی نے فوری طور پر ٹرین کو ایمرجنسی میں رکوایا اور ریسکیو عملے کو طلب کر لیا۔ خوش قسمتی سے، ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پا لیا گیا، جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ تاہم، اس واقعے کے باعث ڈاؤن ٹریک بلاک ہو گیا اور لاہور سے کراچی جانے والی سر سید ایکسپریس کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پر روکنا پڑا، جس سے ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔دریا خان مری ریلوے جنکشن کے 346 کلومیٹر کے قریب کراچی ایکسپریس کی پاور وین بوگی میں آگ لگنے کی وجہ سے ٹرین کو فوری طور پر روکنا پڑا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق، آگ پاور وین سے تیل کے گرنے اور بوگی کے پہیے جام ہونے کی وجہ سے لگی۔ خوش قسمتی سے اس آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد ازاں مرمت کے کام کے بعد ٹرین کو دوبارہ روانہ کر دیا گیا۔