پوسٹ گریجوایٹ کلینیکل پروگرامز کے نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ

تمام پروگرام مہارتوں پر مبنی ہونگے، آن لائن پورٹل کے ذریعے مانیٹرنگ 
لاہور (خصوصی رپورٹ )یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے پوسٹ گریجوایٹ کلینیکل پروگرامز کے نصاب میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ ایم ڈی، ایم ایس اور ایم ڈی ایس کے ساتھ ساتھ تمام پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ پروگرامز کو کمپی ٹینسی بیسڈ بنایا جائے گا۔ ہر پروگرام میں طلبہ کے لیے لازمی مہارتیں پہلے سے نصاب میں شامل ہوں گی جس سے ان کی پیشہ ورانہ تربیت مزید مئوثر ہوگی۔وائس چانسلر یو ایچ ایس نے ہدایت کی کہ 60 پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز کے نصاب کو جلد از جلد جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ ان پروگرامز میں 48 ماسٹر ڈگری اور 12 ڈپلومہ پروگرامز شامل ہیں۔ مزید برآں ریزیڈنٹس کے لیے کلینیکل سکلز ورکشاپس متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ عملی تربیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔پوسٹ گریجوایٹ ریزیڈنسی پروگرامز کی مانیٹرنگ یو ایچ ایس کے آن لائن پورٹل کے ذریعے ہوگی جبکہ سپروائزرز کو ادارے کے سربراہ کے ذریعے ہر سہ ماہی پراگریس رپورٹ جمع کرانے کا پابند بنایا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات طبی تعلیم کے معیار کو بلند کرنے اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔