گریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کیلئے نئی پالیسی جاری

جامعات کی الگ انٹری ٹیسٹ لینے کی پالیسی فوری واپس لینے کی ہدایت 
لاہور(خصوصی رپورٹ)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے گریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کیلئے نئی پالیسی جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ایچ ای سی کے مطابق فال 2026 سے ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی جامعات میں لیول 7 اور لیول 8 یعنی ایم ایس ، ایم فل ، پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے صرف ایچ ای سی ، ای ٹی سی کے منظور شدہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔کمیشن نے جامعات کی جانب سے الگ انٹری ٹیسٹ لینے کی پالیسی فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔نئی پالیسی کے تحت گریجوایٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کی بعض شقیں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔پچاس فیصد پاسنگ سکور کی بنیاد پر یونیورسٹی ٹیسٹ لینے کی اجازت واپس لے لی گئی ہے۔اس فیصلے سے ملک بھر میں داخلوں کا نظام زیادہ شفاف اور یکساں ہوگا، طلبہ کو مختلف جامعات کے الگ الگ ٹیسٹ دینے کی مشکل سے بھی نجات ملے گی۔ایچ ای سی نے تمام جامعات کو نئی پالیسی پر فوری عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ ماہرین تعلیم کے مطابق اس اقدام سے اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔