ترقی سے محروم 27 سب انسپکٹرز کی اپیلیں منظور

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ویڈیو لنک اردل روم منعقد ہوا۔ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا موقع پر موجود تھے جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع، یونٹس اور ونگز میں خدمات انجام دینے والے 49 سب انسپکٹرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اجلاس میں گذشتہ پروموشن بورڈز میں ترقی سے محروم رہ جانے والے افسران نے اپنی گزارشات پیش کیں۔ ترقی سے محروم رہ جانے والے 27 سب انسپکٹرز کی اپیلیں منظور اور کیسز اگلے پروموشن بورڈ میں زیر غور آئیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس میں میرٹ، سنیارٹی اور شفافیت کی بنیاد پر پروموشنز کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ افسران کی پروموشن میں شفاف کیریئر، مکمل ریکارڈ، فیلڈ تجربہ اور انٹیلی جنس رپورٹس کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ مختلف عہدوں پر ترقی کے امیدوار افسران اپنی اے سی آرز، دیگر ریکارڈ مکمل رکھیں اور دیانتداری سے ملک و قوم کی خدمت کریں۔