اردل روم ،46 سب انسپکٹرز کی اپیلیں منظور

 آئی جی پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک اردل روم، ترقی سے محروم سب انسپکٹرز کی اپیلوں پر اہم فیصلے
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ویڈیو لنک اردل روم کا انعقاد سنٹرل پولیس آفس میں کیا گیا۔اردل روم میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا اور اے ڈی اسٹیبلشمنٹ عابدہ مظہر بھی موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں پنجاب کے مختلف اضلاع، یونٹس اور ونگز میں تعینات 105 سب انسپکٹرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اردل روم کے دوران گزشتہ پروموشن بورڈز میں ترقی سے محروم رہ جانے والے افسران نے اپنی اپیلیں اور گزارشات پیش کیں۔اردل روم کے دوران تفصیلی جائزے کے بعد 46 سب انسپکٹرز کی اپیلیں منظور کی گئیں جن کے کیسز کو آئندہ پروموشن بورڈ میں زیر غور لایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ پنجاب پولیس میں میرٹ، سنیارٹی اور شفافیت کی بنیاد پر پروموشنز کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افسران کی ترقی میں شفاف کیریئر، مکمل سروس ریکارڈ، فیلڈ تجربہ اور انٹیلی جنس رپورٹس کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ترقی کے امیدوار افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اے سی آرز اور دیگر سروس ریکارڈ مکمل رکھیں اور دیانتداری کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں