ترقی سے محروم 53 سب انسپکٹرز کی اپیلیں منظور

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک اردل روم، 69 افسروں نے شرکت کی ، 13 کی اپیلیں نامنظور ، 3کا دوبارہ جائزہ ہوگا 
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیولنک اردل روم منعقد ہوا۔ اردل روم میں ترقی سے محروم رہ جانے والے سب انسپکٹرز نے اپنی گزارشات پیش کیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا اور اے آئی جی ایڈمن ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی سمیت دیگر افسران موجود تھے جبکہ پنجاب بھر سے 69 سب انسپکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 53 سب انسپکٹرز کی اپیلیں منظور، 13 کی نامنظور اور 3 پر دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ محکمہ پولیس میں میرٹ، سنیارٹی اور شفافیت کی بنیاد پر ترقیوں کا عمل جاری ہے۔ افسران کی پروموشن میں شفاف کیریئر، مکمل ریکارڈ، فیلڈ تجربہ اور انٹیلی جنس رپورٹس کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ ترقی کے امیدوار افسران ریکارڈ مکمل رکھیں اور دیانتداری سے فرائض انجام دیں۔