اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطے میں غزہ کی سنگین انسانی صورت حال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ اور خاص طور پر غزہ کے بحران پر تفصیلی گفتگو کی۔
شیخ محمد بن زاید نے غزہ میں جاری جنگ بندی کی اہمیت اور وہاں فوری امدادی کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انسانی امداد کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ جنگ سے متاثرہ شہریوں کی مدد کی جا سکے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی استحکام کے لیے جنگ بندی ضروری ہے اور عالمی برادری کو مل کر اس بحران کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
اس موقع پر، اماراتی صدر نے دو ریاستی حل کو امن اور استحکام کی ضمانت قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا۔ اس بات چیت میں دونوں صدور نے امریکا اور امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔