وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ٹیلی فونک گفتگو کی تصدیق کر دی

وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ٹیلی فونک گفتگو کی تصدیق کر دی

وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کی تصدیق کر دی ہے۔

مغربی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے وِٹکوف اور جیرڈ کُشنر کے ممکنہ دورۂ اسلام آباد سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ حساس سفارتی معاملہ ہے اور امریکا اس پر میڈیا کے ذریعے بات چیت نہیں کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں کسی بھی ممکنہ ملاقات یا سفارتی رابطے کے بارے میں قیاس آرائی کو اس وقت تک حتمی نہیں سمجھنا چاہیے جب تک وائٹ ہاؤس باضابطہ اعلان نہ کرے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے پاکستان کے ذریعے ایران کو 15 نکات بھی پہنچائے ہیں۔ اسی دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے گفتگو میں خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔دفتر خارجہ پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ اگر تمام فریق متفق ہوں تو پاکستان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔واضح رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کے لیے اہم ثالثی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور پاکستانی حکام ایرانی قیادت اور امریکی نمائندوں کے درمیان بیک چینل رابطوں میں کردار ادا کر رہے ہیں۔