پنجاب حکومت کا ہر اقدام بچوں کی فلاح، تحفظ اور خوشیوں کے لیے ہے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

پنجاب حکومت کا ہر اقدام بچوں کی فلاح، تحفظ اور خوشیوں کے لیے ہے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

ورلڈ چائلڈرن ڈے کے موقع پر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بچوں کے خلاف تشدد، جرائم اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کی تعریف کی اور پنجاب میں بچوں کی حفاظت اور فلاح کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا۔

 انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر بچے کو محبت، دعاؤں اور رحمتوں سے بھرپور سلام پیش کرتی ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں بچے محفوظ ہوں گے، وہاں کا مستقبل روشن ہوگا۔ پنجاب حکومت بچوں کی صحت، تعلیم، اور خوشیوں کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ ان منصوبوں میں شامل ہیں:

چائلڈ ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی زندگی بچانا۔
ٹائپ-ون شوگر کے مریض بچوں کے لیے انسولین کٹس گھر گھر پہنچانا۔
پاکستان کا پہلا خصوصی آٹزم سکول قائم کرنا، جس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔
نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف ارلی ایجوکیشن ہر ضلع میں قائم کرنا۔
ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی پروگرام، جو بچوں کی گمشدگی، استحصال اور دیگر خطرات کے کیسز کو جدید نظام کے تحت حل کر رہا ہے۔
بچوں کے خلاف جرائم، تشدد اور بھیانک جرائم کا خاتمہ اور بچوں کے تحفظ کے لیے سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
جنوبی پنجاب میں غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے سکول میل پروگرام شروع کیا گیا، تاکہ بچوں کو تعلیم میں حائل رکاوٹیں دور ہوں۔
سرکاری سکولوں کے بچوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
خصوصی بچوں کو مصنوعی اعضا، ہیرنگ ایڈز اور ویل چیئرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوئی بچہ محروم، لاچار یا نظر انداز نہ رہے، اور جب تک ہر بچے کی آنکھ میں خوبصورت مستقبل کی چمک نہیں آتی، جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ہر بچہ تعلیم حاصل کرے گا، صحت مند ہوگا، اور مسکرائے گا، کیونکہ ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔