نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں گھر سے بھاگنے کے 64 سال بعد بزرگ جوڑے ہرش اور مرودوکی شادی کی تقریب کا شاندار اہتمام دیکھنے میں آیا جس میں خاندان بھر کے تمام افراد نے شرکت کی اور اس شادی کی تقریب کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ڈیزائنر کانکو تھاپا نامی سوشل میڈیا اکائونٹ پر بزرگ جوڑے کی شادی کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں ہرش کو سر پر پگڑی اور گلے میں ہار پہنے جب کہ مرودو کو لال خوبصورت عروسی ساڑھی میں انتہائی خوش دیکھا جاسکتا ہے۔پوسٹ کے مطابق ہرش اور مرودو کا تعلق بھارت کے شہر گجرات سے ہے جن کی محبت کا آغاز 1960کی دہائی میں اس وقت ہوا جب پسند کی شادی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا ۔پوسٹ کے مطابق خاندانی دبائوپر ہرش اور مرودو نے گھر سے بھاگ کر ہمیشہ کیلئے ایک ہوجانے کا فیصلہ کیا۔ہرش اور مرودو کی شادی کی 64ویں سالگرہ پر ان کے نواسے نواسیوں ، پوتے پوتیو ں نے ان کیلئے شاندار شادی کا اہتما م کیا گیا جس میں خاندان بھر کے افراد نے شرکت کی۔