بلوچستان : پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کو7 سال بعد قتل کر دیاگیا

 صلح کے بہانے بلا کر حاملہ خاتون اور شوہر شعیب کوبینظیر کے رشتہ داروں نے بے دردی سے قتل کر دیا
 مستونگ(یواین پی)بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والا ایک اور جوڑے کواپنی ہی عزیزوں نے 7سال بعد قتل کر دیا، بلوچستان کی سرزمین ایک بار پھر غیرت کے نام پر انسانی خون سے رنگین ہو گئی،قتل ہونے والی خاتون بینظیر کوئٹہ سے تعلق رکھتی تھیں جبکہ ان کے شوہر شعیب کا تعلق پنجگور کے علاقے چتکان سے تھا،محبت کرنے والوں کی ایک اور کہانی خون میں نہا گئی۔مستونگ کے علاقے لکپاس میں ایک حاملہ خاتون اور اس کے شوہر کو ان کے اپنے ہی عزیزوں نے بے دردی سے قتل کر دیا۔شعیب اور بینظیر کے چھ اور تین سالہ دو معصوم بچے ہیں اور بینظیر اس وقت حاملہ بھی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ شعیب اور بینظیر نے سات برس قبل اپنی مرضی سے کورٹ میرج کی تھی۔ شادی خاندان کی مرضی کے خلاف ہوئی تھی مگر پھر کچھ عرصہ پہلے خاندان والوں نے بظاہر صلح کا ہاتھ بڑھایا۔رات کے اندھیرے میں جب یہ جوڑا مستونگ کے ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھا۔ بینظیر کے بھائیوں نے ٹیلی فون پر ان کی لوکیشن حاصل کی۔ ملزمان ہوٹل پہنچے اوردونوں پر اندھادھند گولیاں برسادیں اور قتل کرنے کے بعد ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کاکہناہے کہ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔