راستوں کی بندش سے اشیائے خورونوش کا بحران، انٹرنیٹ سروس بھی پانچ روز سے معطل، شہر کا ملک بھر سے رابطہ منقطع
کوئٹہ (آئی این پی )سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد بلوچستان میں حالات تاحال معمول پر نہ آسکے، کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس 14 ویں روز بھی معطل رہی جبکہ ٹرین سروس کی بحالی کے لیے آج بدھ کو اجلاس طلب کر لیا گیا۔ راستوں کی بندش سے صوبے میں اشیائے خورونوش کا بحران پیدا ہوگیا، مصنوعی مہنگائی سے شہری پریشان ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق مارچ کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد ریل گاڑیوں کی آمدورفت کا سلسلہ منگل کو 14ویں روز بھی معطل رہا، راستوں کی بندش اور غیر محفوظ سفر نے بسوں کے ذریعے جانے والوں کا سفر بھی محال کردیا۔ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق بلوچستان میں ٹرین سروس بحالی کے لیے آ ج بدھ کو اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں ٹرین سروس کی بحالی کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔راستوں کی بندش سے اشیائے خورونوش کا بحران پیدا ہوگیا، راستوں کی بندش کے باعث پھل سبزی اور باہر سے آنے والا سامان مہنگا ہوچکا ہے۔کوئٹہ میں 5دنوں سے انٹر نیٹ سروس معطل ہونے سے شہر کا ملک بھر سے رابطہ کٹ کر رہ گیا ہے۔