لیسکو نے سمارٹ میٹرنگ پر مشتمل منصوبے پر کام شروع کردیا،سافٹ ویئر سے بجلی چوری کی نشاندہی ممکن، عدم ادائیگی پر کنکشن کنٹرول روم سے منقطع کیا جائیگا
لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے سمارٹ میٹرنگ پر مشتمل ایک بڑے منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت ابتدائی مرحلے میں 2200 صنعتی صارفین کے بلنگ میٹرز کو سمارٹ میٹرز سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی چوری کی نشاندہی کمپنی کے سافٹ ویئر اور سکیورٹی سسٹم میں ہونے والی بریچ کے بعد سامنے آئی، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سمارٹ میٹرز کے ذریعے ہر ممکن نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔سمارٹ میٹرز سے بجلی چوری کی کسی بھی کوشش کی صورت میں کنٹرول روم کو فوری سگنل موصول ہوگا، جس پر فوری چیکنگ اور قانونی کارروائی ممکن ہو سکے گی۔ منصوبے کی نگرانی چیف انجینئر ڈیزائن نثار سرور کے سپرد کی گئی ہے، جنہیں مقررہ اہداف دیے گئے ہیں۔ناردرن اور ایسٹرن سرکل میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے بعد تمام بلنگ کا نظام براہ راست کنٹرول روم سے منسلک ہو جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں صارف کا کنکشن بھی کنٹرول روم سے خودکار طریقے سے منقطع کیا جا سکے گا۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام کے نفاذ سے بجلی چوری پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد ملے گی اور ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔