ٹارگٹ کلنگ کیس:سابق ایس ایچ او بھی شامل تفتیش

 ریحان کوسابق ایس ایچ او راوی روڈنے بغیر کارروائی چھوڑ ا تھا ،ملزم طارق کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم آزاد کشمیر پہنچ گئی 
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور پولیس کے3 اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں،مبینہ ٹارگٹ کلرزباپ ،بیٹے کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ،سابق ایس ایچ او راوی روڈ کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل محافظ سکواڈ نے مبینہ ٹارگٹ کلر ریحان بٹ اور طارق کو راوی روڈ سے پکڑا تھا تاہم اسلحہ برآمد ہونے کے باوجود سابق ایس ایچ او تھانہ راوی روڈنے ریحان بٹ کو بغیر کارروائی کے چھوڑ دیا جبکہ طارق کے خلاف مقدمہ درج ہوا جو پھر خارج ہو گیا۔ مفرور مبینہ ٹارگٹ کلر طارق کی گرفتاری کیلئے پولیس کی جوائنٹ ٹیم آزاد کشمیر کے شہر باغ پہنچ گئی ہے ،ملزم طارق وقوعہ کے روز بادامی باغ اور نواں کوٹ دونوں مقامات پر فائرنگ میں ملوث تھا۔علاوہ ازیں ملزم طارق کا کریمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق 2023 میں ملزم طارق نے راولپنڈی کے تھانہ بنی میں مقدمہ درج کروایا جبکہ سال 2026 میں لاہور کے تھانہ راوی روڈ میں طارق کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج ہوا اور اس کے قبضے سے 30 بور پستول اور پانچ گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔